وہ جھوٹ جو مرد خواتین کو متاثر کرنے کے لئے بولتے ہیں، ماہرین نے لڑکیوں کو خبردار کردیا
برمنگھم(نیوز ڈیسک) خواتین کو متاثر کرنے کے لئے مرد بہت سی ایسی باتیں بھی کہتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ماہرین نے مردوں کی ان جھوٹی باتوں سے میل آن لائن کے ایک خصوصی مضمون میں پردہ اٹھا دیا ہے اور خواتین سے کہا ہے کہ اگر وہ ذرا سا دھیان دیں تو ان باتوں کو بآسانی پکڑ سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر کچھ مرد خواتین سے کہتے ہیں ’’ارے میری اور آپ کی پسند تو بالکل ایک جیسی ہے۔‘‘ اصل میں یہ خواتین کو متاثر کرنے کے لئے مردوں کی جانب سے کی جانے والی سب سے عام باتوں میں سے ایک ہے۔ اگر خاتون ان سے کہتی ہے کہ اسے تاریخ، آرٹ، میوزک یا کسی بھی اور ایسی چیز میں دلچسپی ہے تو وہ فوراً کہہ اٹھتے ہیں کہ ہاں، ہاں مجھے بھی اس میں بہت دلچسپی ہے۔
مرد عموماً اپنے ماضی کے معاشقوں کا خواتین سے یا تو ذکر نہیں کرتے اور اگر کرتے بھی ہیں تو سابق محبوبہ کو بے وفا قرار دیتے ہوئے سارا ملبہ اسی پر ڈال دیتے ہیں، یعنی اپنے ماضی کے کارناموں کے بارے میں کم ہی کبھی سچ بولتے ہیں۔
اکثر مرد اپنی جسمانی صلاحیتوں کے بارے میں ایسی بڑی بڑی باتیں کہہ جاتے ہیں کہ جو واضح طور پر حقیقت سے بہت دور ہوتی ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ اس کی دوڑنے کی رفتار اچھے بڑے اتھلیٹس کے برابر ہے اور کوئی بتاتا ہے کہ وہ کئی گھنٹے جاگنگ کرتا ہے یا کسی تنو مند باڈی بلڈر سے زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ حقیقت ان کی شکل سے ہی نظر آ رہی ہوتی ہے۔
اپنی آمدنی اور اخراجات کے بارے میں بھی اکثر مرد جھوٹ بولتے ہیں۔ اپنی آمدنی عموماً وہ کافی بڑھا چڑھا کر بتاتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ خرچ کرنے میں وہ بہت ہی کھلے دل کے مالک ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ ایسے بہت کم ہوتے ہیں جو مالدار بھی ہوں اور شاہ خرچ بھی۔