ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیانات پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب
اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن میڈیا بیانات پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویزوزیراعظم کوپیش کردی ہے، اپنی ٹوئٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس میں ممبئی حملوں سے متعلق گمراہ کن بیانات پرغورکیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک کی داخلی و سرحدی سیکورٹی صورتحال اور سلامتی کے امور پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی ،مشیر قومی سلامتی امور ،وزیردفاع و خارجہ سمیت خفیہ اداروں کے افسران شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سرحد پار جا کر 150 افراد کا قتل قابل قبول نہیں، نواز شریف
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک انگریزی اخبارکو انٹرویو میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نوازشریف نےکہا تھا کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کردینا قابل قبول نہیں، عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنھیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے۔ نواز شریف نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انھیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر 150 لوگوں کو قتل کر دیں۔
اس بیان پر ملک کے مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں میں ایک نئی بحث کا اغاز ہوگیا ہے اور سابق وزیرِ اعظم کے اس بیان پر تنقید کی جارہی ہے۔