پاکستان

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر کے عمران خان نے اپنی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچایا:سینیٹر پرویز رشید

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ پرویز رشید نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر کے عمران خان نے اپنی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، عمران خان ملکی نظام میں بگاڑ ڈال رہے ہیں جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف موثر پالیسیوں کے ذریعے ملکی نظام کودرست کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، یہ فیصلہ عوام کے ووٹوں نے کرنا ہے کہ آئندہ 2018ء کے انتخابات میں کس سیاسی پارٹی کی جیت ہو گی،بلاول بھٹو نے نہیں ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ہی ہیں جو موثر پالیسیوں کے ذریعے ملکی نظام کودرست کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کر کے عمران خان نے بطور سیاستدان اپنی ساکھ کو خود نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پوری قوم نہ صرف مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے متحد ہے بلکہ اپنے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لئے بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو وقت ہی بتائے گا اور یہ فیصلہ عوام کے ووٹوں نے کرنا ہے کہ آئندہ 2018ء کے انتخابات میں کس سیاسی پارٹی کی جیت ہو گی، بلاول بھٹو نے نہیں ۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کر رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں عوام کے سامنے سرخرو ہو کر جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button