نواز شریف چپ کر کے گھر میں بیٹھیں، بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کا خلائی مخلوق کا جملہ ہی عجیب تھا، اگر انہیں کچھ کہنا ہے تو صاف کہیں ورنہ گھر میں چپ کر کے بیٹھ جائیں، اپنی بچگانہ سیاست سے میاں صاحب پورے جمہوری نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، پارلیمنٹ ایک با اختیار ادارہ ہے لیکن انفرادی نوعیت کے کیس کے لئے چیئرمین نیب جیسے مطالبے کا حصہ نہیں بنوں گا۔
لاہور میں بلاول بھٹو زرداری سماجی کارکن و ہدایت کارہ مدیحہ گوہر کے گھر گئے،، اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی خلائی مخلوق سے متعلق بات نہایت عجیب تھی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ با اختیار ادارہ ہے، کسی کو بھی طلب کر سکتا ہےلیکن وہ ایک فرد کی خاطر کسی طرح کی اصلاحات کا حصہ نہیں بنیں گے۔
بلاول بھٹو نے دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں حکومت نا بننے کی صورت میں پلان بی کا عندیہ بھی دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کے پی کے میں نوے دن میں کرپشن اور دہشت گردی ختم کرنے کے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے،سو دن میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ بھی ایسا ہی لگتا ہے۔