کراچی میں اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکن گتھم گتھا ہوگئے ہیں۔
گلشن اقبال کے حکیم سعید گرائونڈ میں کس کا جلسہ ہوگا ؟اس بات کو لے کر دونوں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری تھا، اب بات پتھرائو اور کیمپ پر حملے تک پہنچ گئی ہے ۔
پی ٹی آئی اور پی پی کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا ،پی پی کے مشتعل کارکنوں نے گرائونڈ میں لگے تحریک انصاف کے کیمپ کو اکھاڑ دیا ہے ۔
پتھراؤ ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کے سبب ٹریفک معطل ہوگیاجبکہ دونوں جماعتوں کا کارکنان نے پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے کارکن کو کنٹرول کرنے کےلئے تاحال پولیس یا قانون نافذ کرنے والوں اداروں میں کوئی بھی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا ہے۔
دونوں جماعتوں نے 12 مئی کو گلشن اقبال کے حکیم سعید گرائونڈ میں جلسے کا اعلان کررکھا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے جلسے کا اجازت نامہ بھی حاصل کرلیا ہے۔