پی ٹی آئی کا الیکشن لڑنے کے خواہشمندوں کے انٹرویوز کرنے کا فیصلہ
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن) پی ٹی آئی کی جانب سے آئندہ الیکشن کی تیاریاں تیز تر کرتے ہوئے ٹکٹ کے خواہشمندوں کے انٹرویوز کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، آج (پیر کو) امیدواروں کے چیئرمین سیکرٹریٹ میں انٹرویوز ہوں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔
جیسے جیسے دن گزرتے جا رہے ہیں اور الیکشن قریب آ رہے ہیں تمام سیاسی جماعتیں اپنی الیکشن مہم تیز کرنے میں لگ گئی ہیں اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کیلئے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے انٹرویوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن لڑنے کے امیدواروں کے انٹرویوزآج چیئرمین سیکرٹریٹ میںہونگے،شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے نام پارلیمانی بورڈ میں پیش کیے جائیں گے ۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس 14 مئی کو ہوگا۔پی ٹی آئی انٹرویوز مرحلہ وار کرانے کا ارادہ رکھتی ہے،پہلے مرحلے میں لاہور سے الیکشن لڑنے کے خواہشمندوں کے انٹرویوز ہوں گے ،دوسرے مرحلے میںگوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاوالدین، شیخوپورہ، ننکانہ، نارووال، سیالکوٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز ہوں گے۔