میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلاول کو مستقبل کا وزیر بنانے کا خواب دکھایا جارہا ہے، انہیں بلدیات کے محکمے کی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔
ایم کیو ایم پاکستان کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ بلاول نے کہا میئر کے پاس تمام اختیارات ہیں، بلاول اس وقت سیکھ رہا ہے، اسے حقائق معلوم نہیں، بلاول کو پوائنٹس دیئے جائیں اسے سکھایا جائے، بلاول کو سکھانے والے حقیقت سے آگاہ نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ 40 سال سے پیپلز پارٹی سے روٹی، کپڑا اور مکان کا پوچھ رہا ہے، پورا سندھ کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے اور اب یہ کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
وسیم اختر نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کو وزیر بلدیات چلا رہا ہے جو یہاں سے منتخب نہیں ہوا، ان کو کیا پتا کہ کراچی کے مسائل کیسے حل ہوں گے؟اب تو پالیسی بھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بنا رہی ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ بلاول نے تقریر کی لیکن کوئی نیشنل پالیسی نہیں دی، وزیر اعلیٰ اندرون سندھ سے منتخب ہو کر یہاں حکمرانی کررہے ہیں، عدالت سوال کر رہی ہے صاف پانی کیوں نہیں فراہم کیا جارہا، عدالت نے ٹرانسفر اور پوسٹنگ تک اپنے پاس رکھ لیا ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ٹنکی گراؤنڈ کا نام تبدیل کرکے شہدائے اردو رکھیں گے۔