کھیل

پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو338 رنز کا ہدف

شارجہ:ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالیے جبکہ جیت کے لیے مزید 212 رنز درکار ہیں۔
ویسٹ انڈین ٹیم کو مشکل ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان 3 رنز پر ہی اٹھانا پڑا جب جانسن چارس 2 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے آنے والے بلے باز ڈیرن براوو نے کریگ بریتھویٹ کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔
ڈیرن براوو اور بریتھویٹ کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز بنے تاہم براوو اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئے جب وہ محمد نواز کی گیند پر بلند وبالا چھکا لگانے کے بعد اگلی گیند میں ایک اور اونچے شاٹ کی کوشش کی لیکن کپتان اظہرعلی ایک آسان کیچ تھامنے میں ناکام ہوئے۔
محمد نواز نے اگلے ہی اوور میں بریتھویٹ کو ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آؤٹ کیا اس وقت ویسٹ انڈیزکااسکور 92 رنز تھا جبکہ بریتھویٹ نے 39 رنز بنائے تھے، براوو نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
ویسٹ انڈیز نے 28 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان میں 126 رنز بنائے تھے۔
براوو 61 اور مارلن سیموئلز 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔
پاکستان نے بابراعظم کی مسلسل دوسری سنچری، شعیب ملک اور سرفرازاحمد کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنا کر ایک مشکل ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان اظہرعلی اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اچھی شروعات کی تاہم 40 کے اسکور پر اظہرعلی حریف کپتان جیسن ہولڈر کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی شرجیل خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 12 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الزیری جوزف کو وکٹ دے بیٹھے، جیسن ہولڈر نے ان کا ایک خوبصورت کیچ تھام لیا۔
پہلے میچ میں سنچری بنانے والے بابراعظم اور تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 169 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ اس دوران دونوں بلےبازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کرلیں۔
شعیب ملک نے جارحانہ موڈ اپناتے ہوئے 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور سنیل نرائن کی گیند پر ڈیرن براوو کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
بابراعظم نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری بنائی جبکہ پاکستان کی پوزیشن کو بھی مضبوط کردیا اور سرفرازاحمد کے ساتھ مل کر 73 رنز کا اضافہ کیا اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنا انفرادی اسکور بہتر بناتے ہوئے 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھویٹ نے 282 کے اسکور پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رنز بنانے والے نوجوان بلے باز بابراعظم کو آؤٹ کیا۔
عماد وسیم پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جو 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ان کی وکٹیں اڑادیں اور وقت پاکستان کا اسکور 320 رنز تھا جس کے بعد محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے۔
سرفراز احمد نے اپنی ذمہ دارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری 43 گیندوں پر مکمل کی ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں پہلے کھیلتے ہوئے5 وکٹوں کے نقصان پر337 رنز بنائے۔
سرفرازاحمد 60 اور محمد رضوان 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر اور الزیری جوزف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اظہر علی نے مزید کہا کہ تمام توجہ ایک اور میچ کی جیت پر مرکوز ہے۔
سیریز میں کامیابی کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا اسکور کریں۔
خیال رہے کہ پہلے ون ڈے میں پاکستان نے بابراعظم کی شاندار سنچری اور باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو باآسانی 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور نوجوان باؤلر الزیری جوزف کو پہلی دفعہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شینن گیبرئیل کو آرام دیا گیا ہے۔
اس سال ورلڈ ٹی ٹونٹی میں حیرت انگیز فتح کے ساتھ ورلڈ چیمپین بننے والی ٹیم ویسٹ انڈیز کو متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان نے وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔
دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان:اظہر علی(کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد نواز، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی
ویسٹ انڈیز: جیسن ہولڈر(کپتان)، کریگ بریتھ ویٹ، جانسن چارس، ڈیرن براوو، مارلن سیمیولز، دنیش رامدین، کیرون پولارڈ، جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ، سنیل نارائن، سلیمان بین، الزیری جوزف

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button