انڈین کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ فیس میں دوگنااضافہ
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کھلاڑیوں کو اس وقت ٹیسٹ میچ کی فیس کی مد میں 7 لاکھ ہندوستانی روپے (10 ہزار 500 امریکی ڈالر)ادا کئے جاتے ہیں۔
بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھا کر 15 لاکھ (22ہزار 500 امریکی ڈالر) کی جائے جبکہ ریزرو کھلاڑی کی فیس بھی دوگنا بڑھا کرفی میچ 7 لاکھ ہندوستانی روپے کئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھا کر نے ہندوستانی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ‘ہم نے میچ فیس دوگنا کردی ہے کیونکہ ہم سجھتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دی جائے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نئی نسل میں ٹیسٹ کرکٹ کو مقبول اور منافع بخش بنانے کے موضوع پر بحث کر چکے ہیں، اگر ہمیں ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی توجہ زندہ رکھنے کی ضورت ہے تو ہمیں ٹیسٹ کھلاڑیوں کی تنخواہوں کی بہتری کو یقینی بنانا ہوگا’۔
بی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ‘ہم نئے کھلاڑیوں میں بہترین مالی فائدہ دینے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی طرف بھرپور توجہ سے منہ نہیں موڑ سکتے’۔
واضح رہے ٹیسٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس دوگنا کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کی اچانک طے پانے والی میٹنگ میں کیا گیا۔
دوسری جانب ہندوستان کے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے لودھا کمیشن کی سفارشارت پر عمل نہ ہونے پر بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سپریم کورٹ کھلاڑیوں کی فیس میں اضافے کا بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو معطل کرتا ہے یا عمل درآمد کی اجازت دیتا ہے۔