پاکستان کی حکومت کا دیوالیہ نکل چکا ہے، ملک کا مجموعی خسارہ 30 ملین ڈالر ہے
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کی حکومت کا دیوالیہ نکل چکا ہے، ملک کا مجموعی خسارہ 30 ملین ڈالر ہے، حکومت کے قرضے لینے کے دروازے بھی بند ہوچکے ہیں۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے چین سے ایک ارب ڈالر قرضہ لے رکھا ہے، حکومت نے بجٹ میں 2 ہزار ارب روپے قرضے کے لیے مختص کی ہے، یہی صورت حال رہی تو ملک کو مستقبل میں بھی مزید نقصان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ان دیکھی بات کر کے آج پھر اداروں پر حملہ کیا، وہ سمجھتے ہیں کہ اداروں کے خلاف حکمت عملی کامیاب ہوگی تو یہ غلط فہمی ہے، نواز شریف کی سیاست کا رخ سیاسی خود پسندی کی منافقانہ روش ہے، ان کی دماغی حالت پر مجھے سخت شبہ ہورہا ہے۔
پی ٹی آ ئی کے رہنما کا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے انقلابی مقبولیت کے تحت حکمت عملی مرتب کی ہے، پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں سب سے زیادہ نشتیں جیت سکتی ہے، اور امید ہے ہم آئندہ انتخابات میں 120 سے زائد نشستیں جیتیں گے، سیاست میں ہر طرح کے دروازے کھلے ہوتے ہیں فیصلہ پارٹی کو کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن سے متعلق مفروضوں پر گفتگو نہیں کرنا چاہتا، میاں صاحب اور آصف زرداری کا اتحاد غیر مدتی تھا، ان کی اور زرداری کی سوچ ہمیشہ مختلف رہی ہے۔