چوہدری شجاعت نے اپنی کتاب میں میرے بارے غلط بیانی کی: پرویز مشرف
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن ) سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھ پر کرپشن کے الزامات غلط ہیں، نیب بلائے گا تو تمام منی ٹریل دوں گا، میری گوادر میں کوئی جائیداد نہیں ، چوہدری شجاعت نے اپنی کتاب میں میرے بارے میں غلط بیانی کی ہے،آصف زرداری جرائم پیشہ شخص ہے ،مرتضیٰ اور بے نظیر بھٹو کو اس نے قتل کروایا ،ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو کبھی بے نظیر کی آصف زرداری سے شادی نہ ہونے دیتے ،نواز شریف بزدل آدمی ہے ،انہیں چاہئے کہ جھوٹ بولنا بند کر دیں،میں پاکستان ضرور آؤں گا ۔
نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز ‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا کہ میری پراپرٹی کے حوالے سے جو تفصیلات بتائی جاتی ہیں وہ مکمل طور پر بے بنیاد ہیں ،ایک گھر اسلام آباد میں ہے جبکہ کچھ پلاٹس ہیں فیز ایٹ میں ،ایک گھر چک شہزاد میں ہے ،ایک کمرشل پلاٹ ہے اسلام آباد میں،آرمی چیف بنتا ہے تو اسے 16 سو گز کا پلاٹ ملتا ہے وہ ایک 16 سو گز کا پلاٹ لے لے یا پھر 8 سو گز کے 2 پلاٹ لے لے ،میں نے 2 پلاٹ 8 سو گز کے لے لئے اور دونوں پر گھر بنے ہوئے ہیں،انگلینڈ اور دبئی میں ایک ایک فلیٹ ہے، میرے 2013ء میں دیئے گئے گوشوارے میں تمام جائیداد لکھی گئی ہے اور میں نے سب ڈیکلئر کئے ہوئے ہیں ،میرے پاس جو کچھ بھی ہے میں نے کمایا ہے، میری 7جائیدادوں کی باتیں غلط ہیں،میں جب یہاں سے گیا تو دنیا بھر میں کہیں بھی میری ایک اینٹ کی پراپرٹی نہیں تھی اور نہ ہی کوئی بینک اکاؤنٹ تھا ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور کور کمانڈر کو پلاٹس دیئے جاتے ہیں انہیں بیچ کر میں نے دوسرے پلاٹس لیے ہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد لیکچر دے کر کمائی کی ہے ،ایک لیکچر کے 2کروڑ روپے لئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جب بیرون ملک گیا تو میرا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں تھا، ملک سے باہر لیکچر دے کر پیسے کمائے،مجھ پر کرپشن کے الزامات غلط ہیں، نیب بلائے گی تو میں مکمل منی ٹریل دوں گا۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں نواز شریف بہادر نہیں ہیں، نواز شریف بزدل آدمی ہیں، نواز شریف کو شاہ عبداللہ کے کہنے پر سعودی عرب بھیجا گیا تھا،شریف خاندان نے پارلیمنٹ اور عدالت میں جھوٹ بولے ،نواز شریف جھوٹ بولنا بند کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی کتاب کی تفصیلات دیکھ کر دکھ ہوا ، چوہدری شجاعت نے اپنی کتاب میں میرے بارے میں غلط بیانی کی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے صرف2بار ملا ہوں ،مرتضیٰ بھٹو اور بے نظیر کو آصف زرداری نے قتل کروایا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول رہے ہیں، میں نے انہیں جلا وطن نہیں کیا تھا یہ خود گئے تھے ،یہ اس وقت رو رہے تھے ،ترلے کر رہے تھے ،اور ترلے کرتے ہوئے کنگ عبد اللہ کے پاس گئے اور پھر انہوں نے مجھے بلا کر کہا کہ اس کو چھوڑ دو اور دس سال کا ایگریمنٹ کر لو ،اگر آپ ان کی اس دور کی فلم دیکھیں تو بڑے ہشاش بشاش نظر آئیں گے ،بعد میں ان کی پاپولرٹی میں اضافہ ہونا ان کی خوش قسمتی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ امریکہ نے نواز شریف کو ایٹمی دھماکے روکنے کے لئے کوئی ڈالرز آفر کئے ہوں گے ،انہوں نے تو انڈیا کے کہنے پر بل کلنٹن سے کارگل ایشو پر دباؤ ڈالوایا تھا ،یہ جھوٹ بولتے ہیں کہ ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ انہوں نے کیا تھا ۔پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ زرداری جیسے آدمی سے میرا کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ،مجھے حفیظ پیرزادہ نے کہا کہ آپ بیٹھیں رہیں ،مواخذہ کی تحریک کا کچھ نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی کتاب سے مجھے شاک لگا ہے ،میں زرداری سے صرف دو مرتبہ سیف ہاؤس میں ملا ہوں، جب ہم الیکشن ہارے تو ان دونوں بھائیوں نے کہنا شروع کر دیا کہ ہمیں ہرایا گیا ہے،آصف زرداری مکمل طور پر کرپٹ آدمی ہے، یہ جرائم میں ملوث ہو گا ،کئی بندوں کو اس نے قتل کروایا ،مرتضیٰ بھٹو کو اس نے مروایا ہے اور بے نظیر کو بھی اسی نے مروایا ہے ،اس زمانے میں انویسٹی گیشن پتا نہیں کس لیول کی ہوئی ہے ؟مجھے نہیں پتا کہ بے نظیر کو کیوں پتا نہیں چلا کہ اس کے بھائی کو کس نے مروایا ؟ مرتضیٰ بھٹو نے اپنے باتھ روم میں آصف زرداری کی تصویر لگائی ہوئی تھی،مجھے یہ ضرور پتا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو وہ کبھی بے نظیر کی آصف زرداری سے شادی نہ ہونے دیتے ۔
انہوں نے کہا کہ میں چوہدری برادران کی بڑی عزت کرتا ہوں، اب میں کیا یہ کہوں کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں ؟میں ان کی بات کو جھوٹ تو نہیں کہنا چاہتا لیکن یہ باتیں مکمل بے بنیاد ہیں ،چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی تو رچرڈ آرمیٹج سے بات کرنے کے بھی قابل نہیں،وہ امریکن الٹی سیدھی باتیں کرتا ہے وہ ان کی بات سمجھے گا بھی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر میں ان کے اتنا خلاف تھا تو کیا میں انہیں وزیر اعظم بناتا؟میں ان کے نہیں شوکت عزیز کے خلاف تھا ،میں ہمیشہ ہر فورم میں کہتا تھا کہ چوہدری شجاعت بڑا ’’ بیبا ‘‘ آدمی ہے لیکن اس کتاب میں انہوں نے پتا نہیں کیوں ایسا لکھا ہے ؟بے نظیر سے این آر او کے لئے انہوں نے مجھے بھیجا تھا کہ بے نظیر سے ڈیل کریں ،ان کے کیسز میں کوئی جان نہیں ہے ،آپ جائیں اور چارٹر آف ڈیموکریسی سے الگ کریں ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے معاملے میں بھی جو باتیں کی ہیں وہ بھی غلط ہیں،اکبر بگٹی کے حوالے سے بھی چوہدری شجاعت کو کیسے پتا چل گیا تھا ؟میں نے کوئی میٹنگ مری میں نہیں بلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کیسز کے حوالے سے پاکستان ضرور آؤں گا اور اپنے کیسز کا سامنا کروں گا ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار قابل ، ایماندار اور انصاف پسند آدمی ہیں ،مجھے یقین ہے کہ میرے کیس میں بھی وہ انصاف کریں گے۔