شکیل آفریدی کو فرار کرانیکا منصوبہ ناکام
کراچی (مانیٹرنگ سیل) روس کے خبر رساں ادارے نے ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے پشاور جیل توڑ کر ڈاکٹر شکیل آفریدی کو بھگانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے سی آئی اے کا یہ منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے روس کے خبررساں ادارے اسپتنگ کی جانب سے جاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سی آئی اے کے ایک مقامی مخبر نے اس منصوبے کی اطلاع دی جس کے ذریعہ سی آئی اس کام کومکمل کرنا چاہ رہی تھی، اس میں سے کسی ایک شخص نے یہ اطلاع آئی ایس آئی کو بھی پہنچادی اور آئی ایس آئی کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں یہ منصوبہ ناکام ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ روس کی اس خبررساں ادارے کو روس کی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے قریب سمجھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سی آئی اے کے لئے کام کرتا تھا اور اسامہ بن لادن کے حوالے سے سی آئی اے کا جو خفیہ آپریشن ایبٹ آباد میں ہوا وہ ایک این جی او کے ذریعہ اس کا شریک کار تھا ،اس کے ذریعہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے گھر سے ڈی این اے کے نمونے سی آئی اے نے حاصل کیے تھے جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی تھی کہ وہاں اسامہ بن لادن موجود ہے، جس کے بعد سی آئی اے نے وہاں ایک آپریشن کے ذریعہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا تھا، ڈاکٹر شکیل آفریدی امریکا کیلئے جاسوسی کرتا تھا، اس معاملہ پر اسے گرفتار کیا گیا جس کے بعد اس پر مقدمہ چلا گیا، شکیل آفریدی کو کسی غیرملکی ایجنسی کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 2012ء میں تینتیس سال سزا دی گئی، اس سے پہلے امریکا کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو کسی صورت بھی ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا کرنے پر مجبور کیا جائے، اپنے مقصد میں نا کا می کے بعد امریکا نے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ پشاور جیل کے اس حصہ میں حملہ کیا جائے جہاں شکیل آفریدی کو رکھا گیا ہے اور ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا کرایا جائے۔رپورٹ میں یہ انکشا ف بھی کیا گیا ہے کہ پاکستان کو باقاعدہ شکیل آفریدی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حوالگی کی بھی پیشکش کی گئی ہے، پاکستان کو کہا گیا ہے کہ اگر آپ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو ہمار ے حوالے کردیں تو ہم عافیہ صدیقی آپ کو دیدیں گے مگر پاکستان نے اپنے قومی مفادات اور قومی امیج کیلئے اس پیشکش کو بھی ماننے سے انکار کردیا ہے، اس کے بعد منصوبہ بنایا گیا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکی ایجنٹس حملے کے ذریعہ جیل سے چھڑائیں، انہیں پاکستان سے فرار کروائیں لیکن اس منصوبے کو آئی ایس آئی نے ناکام بنادیا ہے۔