بھارتی فوج پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی اہلیت ہی نہیں رکھتی، جاپانی میگزین
ٹوکیو: جاپانی میگزین نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے پاس اس قسم کے حملے کی اہلیت ہی نہیں ہے۔
جاپان کے دی ڈپلومیٹ میگزین کے مطابق بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے نے متعدد سوالات کو جنم دے دیا ہے کہ کیا بھارتی فوج کے پاس اس قسم کا منظم اور کامیاب آپریشن کرنے کی اہلیت بھی موجود ہے؟ جاپانی میگزین نے بھارت کے ہوائی، زمینی اور میزائل کی مدد سے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔
دی ڈپلومیٹ مزید لکھتا ہے کہ بھارتی فوج کی جنگی صلاحیت کو اب بھی جانچا جا رہا ہے اور بھارتی فوج مکمل طور پر منظم نہیں ہے۔ میگزین کے مطابق بھارت کے لئے سرحد پار فضائی حملہ کرنا بہت ہی مشکل ہے کیونکہ پاکستان کے پاس ایک بہت ہی عمدہ اور ناقابل یقین فضائی دفاعی نظام موجود ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے ایل او سی پر سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کیا تھا جسے پاک فوج نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا یہ پاکستان آرمی ہے کوئی 5 کلومیٹر اندر آکر بچ کر دکھائے جب کہ پاک فوج نے دشمن کے چہرے سے جھوٹ کا نقاب نوچ کر کنٹرول لائن کی گھاٹیوں میں پھینک دیا۔