دینی جماعتوں کی لیڈر شپ ’’اقامہ اور پانامہ ‘‘جیسی موذی بیماریوں سے پاک ،آج ایم ایم اے کے سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے:قیصر شریف
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ آج( 27 اپریل کو) اسلام آباد میں ہونے والے متحدہ مجلس عمل کے سربراہی اجلاس میں ایم ایم اے کی آئندہ انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کئے جائیں گے ،ایم ایم اے ’’کتاب ‘‘ کے انتخابی نشان پر قوم کو بہتر اور دیگر جماعتوں کے مقابلے میں صاف اور شفاف قیادت فراہم کرے گی ،دینی جماعتوں کی لیڈر شپ ’’اقامہ اور پانامہ ‘‘جیسی موذی بیماریوں سے پاک ہے ،ایم ایم اے اقلیتوں ،خواتین طلبا اور یوتھ کا حقیقی اور اصل پلیٹ فارم ثابت ہو گا ،متحدہ مجلس عمل انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قیصر شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں آج (جمعہ) نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش ایف 8 میں ایم ایم اے کی پانچوں جماعتوں کا سربراہیمیں صبح دس بجے ہو گا ،اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر،علامہ ساجد نقوی،پیر اعجاز ہاشمی سمیت دیگر قائدین شرکت کریں گے ،اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور چاروں صوبوں میں تنظیم کو موثر انداز میں لے کر چلنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔قیصر شریف نے کہاکہ اس وقت تین صوبوں اور ساٹھ اضلاع میں ایم ایم اے کی تنظیم سازی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور باقی اضلاع میں بھی تنظیم سازی آئندہ دو ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے کے زیر اہتمام 2 مئی کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہونے والا کنونشن ملک و قوم کے مستقبل کا تعین کر دے گا جبکہ مئی میں ہی چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز کراچی ، لاہور ، کوئٹہ ، پشاور اور ملتان سمیت بڑے اضلاع میں ایم ایم اے بڑے عوامی جلسوں کا انعقاد کرے گی، رمضان المبارک میں افطار کے بڑے بڑے پروگرامز ہوں گے اور 27 رمضان المبارک کو یوم آزادی کے حوالے سے بڑی کانفرنس منعقد ہوں گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے ’’اقاموں ‘‘ اور پاناموں‘‘ کے شور میں قوم کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ،دینی جماعتوں کی قیادت نے سر جوڑ لئے ہیں ،ملک میں کسی سازش کے ذریعے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو ثبو تاژ نہیں ہونے دیں گے ۔قیصر شریف کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی سر بلندی کے لئے دینی جماعتوں سمیت پوری قوم متحد ہے،قانون کی بالا دستی ہو گی تو ملک ترقی کرے گا ،امیر اور غریب کے لئے یکساں قانون اس ملک کی بقا کا ضامن ہے ،عدلیہ اور قومی اداروں کو متنازعہ بنانے والے ملک و قوم سے کسی صورت مخلص نہیں ہو سکتے۔