پاکستان جنوبی ایشیا میں سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے، آرمی چیف
روالپنڈی ( نیوز ایجنسیز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں سرد جنگ کے اثرات سے نکلنا چاہتا ہے ، پاکستان کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا جبکہ روسی جنرل گراسیموف نے یقین دلایا کہ روس افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ روس کے دوسرے دن روسی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل گراسیموف سے اہم ملاقات کی جس کے دوران پاک روس فوجی تعاون ،خطے کی سکیورٹی صورتحا ل اور دوطرفہ امور پر اہم تبادلہ خیال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، پاکستان سرد جنگ سے نکلنا چاہتا ہے ، سرد جنگ کے اثرات آج بھی جنوبی ایشیا میں موجود ہیں۔ جنرل باجوہ نے افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ روسی جنرل نے یقین دلایا کہ روس افغانستان میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ آرمی چیف نےکہا کہ افغانستان میں امن کیلئے روس کی کوششوں کا خیر مقدم کیا جائےگا۔ روس خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امن خود مختاری اورباہمی پیشرفت پر مبنی ہے، افغانستان میں امن و استحکام سے خطے کو فائدہ ہوگا۔ کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت نہیں چاہتے۔ روسی جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔علاقائی امن کوقائم رکھنے کےلئے پرعزم ہے۔