کسی ورکر کو نقصان پہنچا تو چیف جسٹس پر مقدمہ کرائیں گے، اسفند یار ولی
چارسدہ: اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کے کسی کارکن کو بھی نقصان پہنچا تو چیف جسٹس کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔
اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر موجود لوگوں سے سیکیورٹی واپس لینا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے، اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف بھر پور جنگ لڑی ہے اور آج بھی اے این پی دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے، اے این پی کے کسی کارکن کو بھی نقصان پہنچا تو چیف جسٹس کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔
اے این پی کے صدر نے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار نے خیبرپختونخو ا میں تبدیلی کے دعوؤں کی قلعی کھول کر کپتان کی اصلیت پوری قوم کود کھادی، اٹھارویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے گریبان پر میرا ہاتھ ہوگا، پی ٹی آئی سے نکالی گئی خاتون اراکین کا قرآن پاک پر حلف کپتان کے منہ پر طمانچہ ہے، سینیٹ چیئرمین کے انتخابات میں سراج الحق کا بیان ان کی آنکھیں کھولنے کیلیے کافی ہے۔
قاضی خیل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کپتان نے گالم گلوچ کی سیاست کو دوام دے کر سیاست سے سنجیدگی ختم کی ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی پر تنقید کر تے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں رہنما فاٹاکے انضمام میں رکاوٹ ہیں، ایک ٹیلی فون کال پر فاٹا انضمام کا بل رکوایا جاسکتا ہے تو نفاذ اسلام کیلیے عملی کام کیوں نہیں کیا جاتا، ایم ایم اے کی بحالی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں یہ اتحاد اسلام آباد کیلیے ہے، حکمراں اتحاد میں شامل دونوں جماعتیں حکومت چھوڑنے کو تیار نہیں، وزیراعلیٰ پر اپنے ارکان اور وزرا کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں مگر عمران خان کو کچھ نظر نہیں آرہا۔