اگر نواز شریف اپنے موجودہ بیانیے پر قائم رہے تو ان کی پارٹی ٹوٹ جائے گی: شاہ محمود قریشی
اوباڑو(نیوز وی او سی آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جو بیانیہ پیش کررہے ہیں، اگر اس پر قائم رہے تو ان کی جماعت ٹوٹ جائے گی۔
نجی چینل” جیو نیوز“ سے خصوصی گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام جس پر اعتماد کرے گی وہ حکومت بنائے گا، ملک میں بروقت اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، امید ہے سپریم کورٹ شفاف انتخابات کی نگرانی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن تیزی سے گر رہی ہے اور وہ صوبے میں حکومت نہیں بنا سکے گی۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جن کو جنرل ضیا اور مشرف قائل نہ کرسکے وہ پی ٹی آئی میں آرہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ان کی پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے سندھ کی ذمہ داری سنبھالنے کا کہا ہے۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی کا گھوٹکی میںایک اجتماع میں کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن سندھ سے لڑوں گا، عام انتخابات میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کا مقابلہ ہوگا جبکہ پی پی کا کوئی حصہ نہیں دیکھ رہا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سنوارنا ہے تو ذاتیات سے ہٹ کر فیصلہ کرنا ہوگا، ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ذاتی عناد کو بالائے طاق رکھ کر صرف ملک کا سوچا جائے۔انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ جس طرح ملک کو چلایا جارہا ہے ایسے ملک نہیں چلتا کرپٹ حکمرانوں نے ملک کا یہ حال کر دیا ہے کہ اب پاکستان کی دنیا میں قدر نہیں، یہاں ووٹ لینے والوں سے دھوکا کیاجاتا ہے۔