یمن: فضائی حملے میں حوثی باغیوں کا اہم کمانڈر ہلاک
یمن کے شمالی صوبے صعدہ میں عرب اتحادی فوج کے ایک فضائی حملے میں حوثی باغیوں کا ایک اہم فیلڈ کمانڈر ہلاک اور متعدد جنگجو زخمی ہو گئے۔
یمن کی مسلح افواج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ صوبے صعدہ میں اتحادی فوج کے فضائی حملے میں حوثی کمانڈر ناصر القوبری اور اس کے متعدد ساتھی ہلاک ہو گئے۔
العربیہ کے مطابق صوبے صعدہ میں اب تک بڑی تعداد میں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ اس علاقے میں کی جانے والی کارروائیوں میں لبنانی حزب اللہ اور ایرانی فوج کے عسکری ماہرین بھی مارے جاچکے ہیں۔
یمنی فوج نے صعدہ کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے 5اطراف سے ’سانپ کا سر کاٹنا‘ کے عنوان سے آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں نے صعدہ میں ساقین ڈائریکٹوریٹ میں لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے 20 جنگجوؤں کو دفن کیا ہے۔