پاکستان سرکاری وفد کی خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات
دمام 17 اپریل 2018ء
(بیورو رپوٹ پاکستان (ذرائع حافظ عرفان کھٹانہ) نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی سٹاف جرنل قمر جاوید باجوہ، آئی ایس آئی سربراہ لیفٹینینٹ جنرل نوید مختار اور وفاقی وزیر خرم دستگیر کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مختصر دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی سٹاف جرنل قمر جاوید باجوہ، آئی ایس آئی سربراہ لیفٹینینٹ جنرل نوید مختار اور وفاقی وزیر خرم دستگیر کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے خصوصی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات میں سعودی فرمانروا نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ پاکستانی رہنماؤں اور سعودی فرمانروا کی ملاقات فوجی مشقوں گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب کے بعد ہوئی۔
مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون دمام میں اختتام پذیر ہوئیں جس میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، مصر، ترکی، امریکا، برطانیہ سمیت 24 ممالک کے فوجی دستوں نے شرکت کی۔ ان مشقوں کا مقصد علاقائی ممالک کے مابین فوجی و سیکیورٹی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت کئی دیگر عالمی رہنمائوں نے شرکت کی ۔ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز السعود نے عالمی رہنمائوں، وزراء برائے دفاع و خارجہ اور مختلف مسلح افواج کے سربراہان کا تقریب میں خیرمقدم کیا۔
تقریب دمام کے شمال مشرق میں تقریباً 140 کلومیٹر دور صحرا میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہشام بن صدیق بھی موجود تھے۔ 41 ممالک کے اتحاد ’اسلامک ملٹری کائونٹر ٹیررازم کولیشن‘ کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔