نواز شریف کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا
اسلام آباد 17 اپریل 2018ء
(بیورو رپوٹ پاکستان (ذرائع) نیوز وائس آف کینیڈا)
شریف فیملی کو احتساب عدالت میں پیش ہونے سے روک دیا گیا، سرچ آپریشن کے بعد 150 کے قریب مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی بڑا حساس معاملہ ہے اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا،سیف سٹی کیمروں سمیت دیگر وسائل بروائے کار لا کر ملزمان کو تلاش کررہے ہیں،ایس پی صدر زون عامر نیازی کی ذرائع سے گفتگو
حساس اداروں نے سابق نااہل وزیراعظم نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر دہشتگردی کا نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا جس کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شریف فیملی کو احتساب عدالت میں پیش ہونے سے روک دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نواز شریف سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیش نہیں ہوئے ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ جوڈیشل کمپلیکس سے ملحقہ تھانہ گولڑہ کے علاقے سیکٹر جی 14جہاں پر غیر قانونی طور پر افغانیوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد 150 کے قریب مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی اور اس حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گولڑہ موڑ کے قریب سابق وزیراعظم نواز شریف کے قافلے کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات کے بعد انہیں پیش ہونے سے روک دیا گیا جس کے اگلے روز حساس اداروں کی رپورٹ پر وفاقی پولیس نے سیکٹر جی 14سے آٹھ آٹھ کلو وزنی خود کش جیکٹس ، بارودی مواد اور اسلحہ کی کھیپ کو قبضے میں لیا اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کو طلب کرلیا گیا بم ڈسپوزل سکواڈ نے خود کش جیکٹس کو ڈی فیوز کردیا جس کے بعد رینجرز پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جوڈیشل کمپلیکس کے گردونواح میں سرچ آپریشن کے بعد 150 کے قریب مشکوک افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس سے مزید انکشافات کی توقع ہے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی اور سرپرائز ناکوں کی وجہ سے دہشتگرد ٹارگٹ تک نہیں پہنچ سکے اور سیکٹر جی چودہ میں بارودی مواد پھینک کر فرار ہوگئے ذائع سے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی صدر زون عامر نیازی کا کہنا تھا کہ یہ بڑا حساس معاملہ ہے اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا سیف سٹی کیمروں سمیت دیگر وسائل بروائے کار لا کر ملزمان کو تلاش کررہے ہیں تاہم سیف سٹی کیمروں سے ابھی تک کوئی واضع کامیابی حاصل نہیں ہوسکی بعد ازاں بارودی مواد کی ساخت کو حساس معاملہ قرار دے دیا ایس پی صدر کی جانب سے مزید بات کرنے سے گریز کیا گیا ۔