وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو‘ نے سلمان خان کو اپنی ویب سائٹ پر مجرموں کی فہرست میں شامل کرلیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی کالا ہرن شکار کیس میں مشکلات ابھی ختم نہیں ہوئیں، بھارت کے ’ وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو‘ نے اداکار کو اپنی ویب سائٹ پر مجرموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ فہرست کے آخر میں سلمان خان کا نام شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کچھ روز بھارتی ریاست راجھستان میں کالا ہرن شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو مجرم قرار دے کر 5 سال قید اور10 ہزار روپے جرمانہ سنایا گیا۔ اس کیس میں سلمان خان نے 2 راتیں گزاریں تاہم انہیں جودھپور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ جیل سے رہائی ملنے کے باوجود لگتا ہے کہ سلو میاں کی مشکلات کم نہیں ہوئیں کیونکہ بھارت کے ’ وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو‘ نے اداکار کو اپنی ویب سائٹ پر مجرموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
’ وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو‘ کی ویب سائٹ پر ایسے لوگوں کا مکمل ڈیٹا دیا گیا ہے جنہیں معدومی کے خطرے کے شکار جانوروں کا شکار کرنے پر عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی ہو۔ اس ویب سائٹ پر مجموعی طور پر 39 مجرموں کی تفصیلات درج کی گئی ہیں ۔ سلمان خان نے اس فہرست میں سب سے آخر میں اپنا نام درج کرایا ہے کیونکہ وہ حال ہی میں مجرم قرار پائے ہیں۔ویب سائٹ پر سلمان خان کی تصویر ، ان کا نام بمعہ ولدیت ، رہائشی پتہ اور ان کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔