پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سمندر میں قیام امن کے لئے اپنی قومی ذمہ داریوں کی انجام دہی جاری رکھے گی۔
کراچی۔ (میوز وی او سی ) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے انٹیلی جنس زرائع کے تحت کھلے سمندر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔ پاکستان نیوی کے انٹیلی جنس عناصر کی اطلاعات کی بنیاد پر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے اپنے بحری جہازوں اور تیز رفتار کشتیوں کو ویسٹرن میری ٹائم ریجن میں تعینات کیا ہے۔ گذشتہ رات پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے جہاز نے کھلے سمندر میں ایک مشکوک کشتی کا تعاقب کرتے ہوئے تقریباً 1400 کلو گرام منشیات (Hashish) برآمد کرلی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی مالیت تقریباً 1 ارب (1000 Million) پاکستانی روپے بنتی ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات کو جناح نیول بیس اوڑماڑہ میں اینٹی نارکوٹکس فورس(بلوچستان) کے حوالے کردیا گیا۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی منشیات کے خلاف آپریشنز کی انجام دہی کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس (بلوچستان) کے ساتھ قریبی روابط استوار کیے ہوئے ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں قانون نافذ کرنے والی ایک اہم سیکورٹی ایجنسی ہے جو اپنے بحری جہازوں اور ایئر کرافٹس کے ذریعے کھلے سمندر میں اپنی مسلسل موجودگی برقرار رکھتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کرتی ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا کامیاب اور مربوط آپریشن کے ذریعے منشیات کا بڑی مقدار میں پکڑے جانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستان کی سمندری حدود میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سمندر میں قیام امن کے لئے اپنی قومی ذمہ داریوں کی انجام دہی جاری رکھے گی۔