پاکستان

شہید پاکستانی فوجیوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پاک فوج کے 2 اہلکاروں کی میتیں تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دی گئی ہیں۔
حوالدار جمعہ خان.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہندوستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے حولدار جمعہ خان اور نائیک امتیاز ہلاک ہوئے تھے۔
حوالدار جمعہ خان کی میت گلگت بلتستان میں ان کے آبائی علاقے استور روانہ کردی گئی ہے جبکہ نائیک امتیاز کی میت فصل آباد روانہ کی گئی۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حوالدار جمعہ خان نے سوگواروں میں ایک بیٹا، دو بیٹیاں اور ایک بیوہ کو چھوڑا ہے۔
ادھر نائیک امتیاز نے سوگواروں میں 3بیٹیاں اور ایک بیوہ کو چھوڑا ہے۔
نائیک امتیاز.
واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتاپانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پر گذشتہ رات ڈھائی سے صبح 8 بجے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
ادھر ہندوستان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ پاکستانی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر نوگام سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
دوسری جانب ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ‘ہندوستانی فورسز نے گذشتہ رات لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کیں’۔
پریس بریفنگ کے دوران جنرل رنبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں مصدقہ اطلاعات ملیں کہ کچھ دہشت گردوں نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ پوزیشن سنبھال رکھی ہے جو جموں و کشمیر اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد ہندوستانی فوج نے ان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کیں۔’
اس سے قبل ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے لائن آف کنٹرول پر سیکیورٹی صورتحال سے متعلق کابینہ اجلاس کی صدارت کی تھی، جس میں اہم وزراء اور فوجی عہدیداران موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button