پاکستان

ملک میں امن و استحکام غازیوں اور شہداء کی مرہون منت ہے،قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی ( نیوز ایجنسیز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں امن و استحکام غازیوں اور شہداء کی مرہون منت ہے، کوئی میڈل ان کی قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتا، کچھ عرصہ گزرا ہے کہ فاٹا میں امن قائم ہوا اور بعض لوگوں نے ایک اور تحریک شروع کردی، کچھ لوگ باہر اور اندر سے پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں، ان کو ہم بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کچھ بھی کرلیں،جب تک فوج اور اس کے پیچھے یہ قوم کھڑی ہے آپ پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، دہشت گرد باہر پھینک دیئے ،پاکستان کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہداء کے اعزازات ان کے ورثاء نے وصول کئے اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ ادھر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ اور عمائدین نے ملاقات کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فاٹا کے پرامن شہریوں کی مشکلات کا پورا احساس ہے ، چیک پوسٹ اور بارودیسرنگوں کے مسئلے کو حل کرنےکیلئےاقدامات کیے جارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی جس میں عسکری حکام ، غازیوں اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے۔جنرل قمرجاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کوئی بھی میڈل شہداء کی قربانی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا اور شہداء کے لواحقین کے غم کو کم نہیں کرسکتا، یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے آج ہم امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میں دن بدن امن آرہا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ جب بھی میں بیرون ملک جاتا ہوں لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ دہشتگردوں نے پوری دنیا میں تباہی مچائی ہوئی ہے اور ان کے خلاف اگر کوئی کامیابی کی مثال ہے تو وہ پاکستان ہے، جس نے اپنے علاقوں سے دہشتگردوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، پاکستان کے پاس ایسی کیا خصوصیت ہے جو دیگر ملکوں کے پاس نہیں؟ آرمی چیف نے کہا کہ میں ان لوگوں کو جواب دیتا ہوں کہ جب تک پاکستان میں ایسی مائیں، بہنیں، بیویاں، بیٹیاں پیدا ہوتی رہیں گی جو اپنے بیٹوں، بھائیوں، شوہروں اور والد کو مادر وطن پر نچھاور کرنےکیلئے بھیجتی رہیں گی اس وقت تک پاکستان کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کی قربانی کی وجہ سے آج ہم اس مقام پر پہنچے ہیں۔ شہداء ہی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں جنہوں نے ملک کیلئے اپنی زندگی داؤ پر لگادی، وہ قومیں جو اپنے ہیروز کو بھلا دیتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم دنیاوی طور پر پوری کوشش کریں گے کہ شہداء کے لواحقین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ آئے تاہم بطور قوم ہمیں ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آہستہ آہستہ ترقی اور امن کی جانب بڑھ رہا ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ جب ملک میں مکمل امن آجائے تو ہم شہداء کی قربانیوں کو بھول بیٹھیں۔ ہماری قوم کی تاریخ یاد رکھنے کی صلاحیت بہت کم ہے، آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اب مشکل حالات سے باہر نکل آیا ہے اور پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button