حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مذہبی جماعت کا 12 روز بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا،لاہور سمیت تمام مقامات پر دھرنے ختم کر دیے گئے۔
لاہور میں مذہبی جماعت کی مجلس شوریٰ نے مشاورت کے بعد خادم حسین رضوی اور دیگر قائدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےدھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت طویل مذاکرات کے بعد فیض آباد معاہدے پر عمل درآمد کرنے کو تیار ہو گئی ہے اور تمام مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں۔فیض آباد شہداء کا مقدمہ راولپنڈی میں درج کر لیا گیا ہے اورہمارے خلاف تمام مقدمات خارج کرنے کا مطالبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔پیر افضل قادری کی جانب سے تمام کارکنوں کو دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد شرکاء منتشر ہونا شروع ہو گئے۔مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد بابو صابو، شاہدرہ چوک، چونگی امرسدھو، ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ ملتان روڈ، دروغہ والاچوک پر ٹریفک بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔