قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت نواب شاہ میں سیٹلائٹ سینٹر قائم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت سندھ کے ایک اور ضلع نواب شاہ شہید بینظیر آباد میں امراض قلب کی سہولیات کےلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ سیٹلائٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔ جس کی سوفٹ اوپنگ جمعہ 13اپریل کو ہوگی ۔جس کے بعد نواب شاہ کے مریضوں کو گھر کے قریب امراض قلب کے علاج کی جدید اور بہترین سہولیات میسر ہو سکیں گی ۔ اس سے قبل قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت لاڑکانہ ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سیہون اور سکھر میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیے جاچکے ہیں جہاں عوام کو امراض قلب کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئےقومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کے تحت یہ سندھ کےچھٹے ضلعے میں سیٹلائٹ ہوگا جو پیپلز میڈیکل کالج اسپتال نواب شاہ شہید بینظیرآباد میں قائم کیا گیا ہے ۔اس سینٹر میں بین الاقوامی اور مقامی اعلیٰ تربیت یافتہ اور تجربہ کار امراضِ قلب کے ماہرین، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مریضوں کو خدمات فراہم کریں گے ۔ سینٹر میں جدیدآلات سے آراستہ شعبہ حادثات ، کیتھ لیب، انتہائی نگہداشت کایونٹ اور مشورہ کلینکس ہیں جہاں اعلیٰ معیار کی تشخیص،24 گھنٹے ہنگامی طبّی امداد، بڑوں اور بچوں میں امراضِ قلب کا علاج، ایکوکارڈیوگرافی، کورونری آرٹری انجیوپلاسٹی اور انجیوگرافی کی سہولیات دی جائیں گی ۔ جس کے بعد رواں سال ہی خیر پور اور مٹھی میں بھی سیٹلائٹ سینٹر زقائم کر دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب نواب شاہ سندھ کی عوام کوطبّی خدمات فراہم کرنے میں ایک اور سنگِ میل ہےاور ہم سندھ کی عوام کو انہی کی دہلیز پر امراضِ قلب کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔