نگراں وزیراعظم کیلئے اب تک کوئی نام نہیں آیا: اپوزیشن لیڈر
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہےکہ وزیراعظم چیئرمین سینیٹ کو نہیں مانتے تو وہ پارلیمنٹ کو بھی نہیں مانتے لہٰذا سیاستدانوں کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم سےنگراں وزیراعظم کے معاملے پر بدھ کو ملاقات ہوگی، ابھی تک اپوزیشن کے اتحادیوں نے نگراں وزیراعظم کے لیےکوئی نام نہیں دیا اور میرے پاس کوئی نام نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اجلاس کے بعد نگران وزیراعظم کا نام سامنےلائیں گے، نگراں وزیراعظم پرہی آئندہ الیکشن منحصر ہوگا اس لیے کوشش ہے بہتر سے بہتر نگراں وزیراعظم لائیں، کوشش ہے مئی کے پہلے ہفتے میں باضابطہ مشاورت شروع کی جائے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم نے 2013 کا الیکشن آر او الیکشن کہہ کرتسلیم کیا، 2014 میں پارلیمنٹ پر یلغارکے موقع پر ہم آگے کھڑے ہوئے۔
وزیراعظم کے چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم چیئرمین سینیٹ کو نہیں مانتے تو وہ پارلیمنٹ کو بھی نہیں مانتے، سیاستدانوں کو پارلیمنٹ کا احترام کرنا چاہیے، جب خود احترام نہیں کرتے تو عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کو احترام کا کیسے کہیں، ایک دوسرے کا احترام کرکےکامیاب جمہوریت چلائی جا سکتی ہے۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اپنی احتساب کمیٹی بنائے، وہ سب سے بڑی کمیٹی ثابت ہوگی جو سیاستدانوں کا احتساب کرےگی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نئے اسلام آباد ائیر پورٹ کو بے نظیر کے نام سےمنسوب کرنا چاہیے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا۔