نواز شریف کچھ بھی کرلیں ان کو سزا ہونے والی ہے، نعیم بخاری
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم بخاری نے کہا ہے کہ جب وزراءاپنے کام نہیں کریں گے تو سپریم کورٹ ایکشن لے گی، نواز شریف کچھ بھی کرلیں ان کو سزا ہونے والی ہے۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس دفاع کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، ان کو نیب آرڈیننس کا کچھ بھی نہیں پتہ، نواز شریف نے اربوں روپے چرائے ہیں، میری نظر میں وہ بے وقوف شخص ہیں، شریف خاندان میں آپس میں اختلافات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ کے بعد ہل میٹل کی تحقیقات بھی شروع ہونی ہیں، کس نے کہا تھا ایون فیلڈ فلیٹ نواز شریف کے نام پر ہیں، کس نے کہا عزیزیہ اسٹیل میل نواز شریف کی ہے، ثابت ہوچکا ہے ایون فیلڈ فلیٹس مریم نواز کے نام پر ہیں، میاں صاحب بتائیں نہ بچوں کے نام پر جائیدادیں کیسے بنائیں؟ میاں صاحب کہتے ہیں میرا نام نہیں آیا، اصل مسئلہ یہ ہے کہ تمام جائیدادیں ان کے بچوں کے نام پر ہیں، میاں صاحب ایون فیلڈ فلیٹس کو نہیں جھٹلا سکے۔
نعیم بخاری نے مزید کہا کہ عمران خان بہت بڑا کام کررہے ہیں، ان کی پاکستان کے پیسوں پر نظر نہیں ہے، میری یہی خواہش ہے کہ وہ پارٹی نوجوان نسل کے سپرد کریں، شہری علاقوں سے نوجوانوں کو ٹکٹ دئیے جائیں، میں تحریک انصاف کا کارکن ہوں لیکن مجھے پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں چاہئے۔