فرانس نے سرحدی نگرانی کی مدت میں6ماہ کی توسیع کردی
پیرس (نیوز ڈیسک) یورپی کمیشن کے ایک اعلان کے مطابق یورپ کے پاسپورٹ فری ’’شینگن زون‘‘ میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے باعث پیرس حکومت نے ملکی سرحدوں کی نگرانی کی مدت میں ایک مرتبہ پھر توسیع فیصلہ کرلیا ہے۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق سرحدی نگرانی کی مدت میں مزید توسیع کے بعد اب رواں برس اکتوبر تک ملکی سرحدوں کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔ بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی کمیشن کی ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ رواں ہفتے فرانس کی طرف سے یورپی کمیشن کو اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیش موصول ہوا تھا۔ نومبر2015ء میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں داعش کی جانب سے کئے گئے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ملکی سرحدوں کی نگرانی کا اعلان کیا گیا تھا۔ پیرس حملے کے نتیجے میں130سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فرانس میں دہشت گردی کے واقعات میں تسلسل کی وجہ سے پیرس حکومت کی جانب سے ہر6ماہ بعد ’’بارڈر کنٹرول‘‘ میں توسیع کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں یورپی یونین کے شینگن زون کے26ممالک میں سے جرمنی، آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کی جانب سے سرحدوں کی نگرانی کا فیصلہ خانہ جنگی کی وجہ سے مغربی یورپ کا رخ کرنے والے لاکھوں مہاجرین کی آمد کے نتیجے میں سامنے آیا تھا۔ تاہم دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے ان پانچوں ممالک نے بھی اپنی سرحدوں پر نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔