تارکین وطن کو پہنچانے والے65ہزار اسمگلروں کی یورو پول کو تلاش
برسلز (نیوز ڈیسک) یورپ میں قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کے مطابق تقریباً65ہزارتارکین وطن کے اسمگلروں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ یورپی سرحدی نگرانی کے ادارے یورو پول نے بتایا ہے کہ تارکین وطن کی غیر قانونی اسمگلنگ میں تیزی نظر ارہی ہے۔ یورپی سرحدی نگرانی کے ادارے یورو پول کے مطابق تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے والے گروپ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ’’اے ایف پی‘‘ کو یورپی مائیگرنٹ اسملنگ سنٹر کے سربراہ روبرٹ کریپنکو نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کے آخر تک یورو پول کے ڈیٹا بیس میں65ہزار سمگلروں کا ڈیٹا درج کیا گیا ہے۔ یورو پول کے اعداد شمار کے مطابق2015ء میں30ہزار، 2016ء میں55ہزار اور 2017ء کے آخر تک اس فہرست میں مزید10ہزار سمگلروں کے بارے میں معلومات درج ہوئیں۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ تارکین وطن کے سملنگ میں ملوث63فیصد یورپی شہری، جن میں45فیصد کا تعلق بلقان ممالک سے بتایا جا رہا ہے جب کہ اس بین الاقوامی جرائم پیشہ گروپ میں14فیصد مشرق وسطیٰ سے13 فیصد افریقہ، 9فیصد مشرقی ایشیا سے اور ایک فیصد کا تعلق امریکہ سے ہے۔ یورپی مائیگرنٹ اسمگلنگ سینٹر کے سربراہ روبرٹو کریپنکو نے بتایا کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ اربوں یورو کا کاروبار ہے۔