کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔
کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔
پھولوں کی وادی بھارتی فوج کی درندگی سے لہولہان ہے، مقبوضہ کشمیر کے کئی بیٹے ایک بار پھر آزادی کی شمع جلانے کی خاطر قربان ہوگئے۔
وادی کشمیر جہاں پانی کے جھرنوں کی مدھر آوازوں، پھولوں کی بھینی خوشبو کی جگہ بین کرتی مائیں، بہنیں، بیٹیاں ہیں، فضا میں بارود کی بوپھیلی ہے۔
قابض بھارتی فوج نے وادی پر ایک بار پھر ظلم ڈھایا ہےسرچ آپریشن کے بہانے کئی نوجوانوں کو موت کی نیند سلادیا، غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو خون میں نہلادیا۔
ریاستی بربریت کے خلاف دنیابھر میں اہل دل اور اہل درد بول اٹھے ہیں، کشمیری بھائیوں کے حق میں آج ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام ریلی نکالی جائے گی، لاہور میں پی ٹی آئی سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
کراچی میں بھی پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم سمیت دیگر تنظیموں کی جانب سے مظلوم کشمیری بھائیوں کے حق میں احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پشاور میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیمیں بھارت کے خلاف نکلیں گی، سیکڑوں افراد بھارتی ظلم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ظلم و جبر کے خلاف پاکستان کی جانب سے مختلف عالمی فورمز پر بھی بھرپور آواز اٹھائی جا رہی ہے۔