کشمیر محض باتوں اور دعوؤں سے آزاد نہیں ہوگا :سینیٹر سراج الحق
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر محض باتوں اور دعوؤں سے آزاد نہیں ہوگا ، اس کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے اور عالمی سطح پر بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو نمایاں کرنے کے لیے مہم چلائی جائے، آئندہ بجٹ میں باقاعدہ اس کے لیے رقم مختص کی جائے ، دینی مدارس کو اپنے لیے خطرہ سمجھنے والا دہشتگرد امریکہ منبر ومحراب اور قرآن کو نظر آتش کر رہاہے ، قندوز مدرسہ پر بمباری کر کے امریکہ نے 200 سے زیادہ حفاظ قرآن بچوں ، اساتذہ اور شہریوں کو شہیدکیا مگر بزدل مسلمان حکمرانوں نے اس کی مذمت تک نہیں کی،حکمرانوں نے مساجد و مدارس کے حوالے سے اپنا رویہ نہ بدلا تو دین کے ان قلعوں سے اٹھنے والے انقلاب کو کوئی روک نہیں سکے گا ۔
مرکز علوم اسلامیہ منصورہ میں ختم بخاری اور دستار بندی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے قندوز مدرسے پر امریکی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اسلام دشمنی میں باؤلا ہوگیا ہے ۔ اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی عدالت کا دوغلا کردار اور مجرمانہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی دہشتگردی کے خلاف کوئی زبان کھولنے کو تیار نہیں ، میں انسانی حقوق کے نام نہاد اداروں سے پوچھتا ہوں کہ قندوز اور باجوڑ مدرسوں میں شہید ہونے والے معصوم بچے کیا انسان نہیں تھے ،دنیا اس ظلم و بربریت اور قتل عام پر خاموش اور عالمی ادارے گونگے بہرے اور اندھے ہیں ،جن کو امریکہ کے ہاتھوں بہنے والا خون نظر نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے 1945 میں ناگاساکی اور ہیروشیما پر ایٹم بم گرا کر انسانیت کے خلاف جس دہشتگردی کا آغاز کیا تھا ، وہ آج تک اسے جاری رکھے ہوئے ہے اور اب اس نے اپنا اصل ہدف مسلمانوں کو بنالیاہے ۔ عراق اور افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام کے پیچھے امریکہ کی اسلام دشمنی ہے اور وہ قرآن و سنت کا علم حاصل کرنے والے معصوم بچوں کو بھی بارود کی آگ میں جلا دینا چاہتاہے ۔سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ نیٹو افواج افغانستان سے نکل جائیں ، ان کی موجودگی خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کو لڑایا جائے ، بھارت ایک سازش کے ذریعے افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں افغانستان میں امن پاکستان اور پاکستان میں امن افغانستان کی ضرورت ہے ، دشمن کی سازشیں برادر اسلامی ممالک کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکیں گی ۔