اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس،صدر نیشنل بینک سمیت تینوں شریک ملزمان پر فردجرم عائد
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس میں صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت تینوں شریک ملزموں پر فرد جرم عائد کردی،تینوں شریک ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔
دوران سماعت ملزم سعید احمد کے وکیل نے کہا کہ شریک ملزم صدرنیشنل بینک نے ہائیکورٹ کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، عدالتی فیصلے تک ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جائے ۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کااحترام ہے لیکن ابھی وہاں سے کوئی حکم نہیں آیا۔
احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کردی،نامزدتینوں شریک ملزمان پرفردجرم ضمنی ریفرنس میں عائد کی گئی ،ملزموں نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالت نے 11اپریل کواستغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیاجہاں ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا،ملزمان میں صدرنیشنل بینک سعیداحمد،نعیم محموداورمنصوررضاشامل ہیں۔