خادم رضوی کو گرفتارکرنے سےفیض آباد دھرنے جیسی صورت حال بن سکتی ہے،ترجمان پنجاب حکومت
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کو گرفتارکرتی ہے تو فیض آباد دھرنے جیسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
نجی چینل کے پروگرام میں میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کی گرفتاری میں مشکلات ہیں اگر انہیں گرفتار کرتے ہیں تو فیض آباد دھرنے جیسی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر قانون رانا ثناءاللہ لاہور میں دھرنا قیادت سے بات چیت کر کے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ اس مرتبہ دھرنا اسلام آباد تک نہیں جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت خادم رضوی اور پیر افضل قادری کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر چکی ہے جب کہ عدالت نے گزشتہ روز انہیں اشتہاری بھی قرار دیا تھا۔ منگل کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر عدالت نے حکم دیا ہے تو حکومت کو خادم رضوی کو گرفتار کرنا چاہیے۔