ایڈیٹرکاانتخاب

صحافی ذیشان مرنے سے پہلے قاتلوں کا سراغ دے گیا

سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے بہیمانہ قتل کی تفتیش میں واضح شواہد سامنے آنے کے بعد بھی پولیس تاحال قاتلوں کو گرفتار نہ کرسکی۔
مقتول صحافی آخری کال ریکارڈ کر کے مرنے سے پہلے اپنے قاتلوں کا سراغ دے گیا ۔
ذیشان بٹ نے آخری فون کال چیئرپرسن ضلع کونسل حنا ارشد کو کی تھی ۔
اپنے موبائل فون سے آخری گفتگو میں ذیشان بٹ نے ضلع کونسل کی چیئرپرسن کو آگاہ کیا تھا کہ عمران چیمہ دھمکیاں د ینے کے بعد اسے جان سے مارنے آرہا ہے ۔
ٹیلی فونک گفتگو سامنے آنے کے بعد بھی سمبڑیال پولیس ملزم یوسی چیئرمین عمران چیمہ کو گرفتار نہیں کر سکی ہے ۔
ذیشان کے لواحقین کی جانب سے مقدمے میں نامزد ہونے کے باوجود ن لیگ کا یوسی چیئرمین عمران چیمہ تاحال قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔

صحافی مرنے سے پہلے قاتلوں کا سراغ دے گیا
قتل کا مبینہ ملزم عمران چیمہ
سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کا مبینہ قاتل یوسی ناظم عمران چیمہ تاحال آزاد ہے۔
ذیشان بٹ کو 27 مارچ کی دوپہر کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ دکانداروں پر عائد کیے جانے والے ٹیکس کے حوالے سے معلومات لینے یونین کونسل بیگوالا کے دفتر پہنچا، وہاں چیئرمین یونین کونسل عمران چیمہ سے اس کی تلخ کلامی ہوگئی اور اس نے صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
صحافی ذیشان بٹ نے ان دھمکیوں کے حوالے سے 15 پر فون کرکے پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد ذیشان بٹ نے چیئرپرسن ضلع کونسل حنا ارشد کو فون کیا اور انہیں بتایا کہ یوسی چیئرمین نے اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیںتاہم وہ فون پر بات کر ہی رہا تھا کہ اس پر فائرنگ کردی گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
صحافی ذیشان بٹ کے بہیمانہ قتل کی تفتیش میں واضح شواہد سامنے آنے کے بعد بھی پولیس قاتل کو گرفتار نہ کرسکی جبکہ ذیشان کے لواحقین کی جانب سے مقدمے میں نامزد ہونے کے باوجود ن لیگ کا یوسی چیئرمین عمران چیمہ تاحال قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔
مقتول صحافی آخری کال ریکارڈ کر کے اپنی موت سے قبل اپنے قاتلوں کا سراغ دے گیا، کال ریکارڈ کے مطابق ذیشان بٹ نے آخری فون کال چیئرپرسن ضلع کونسل حنا ارشد کو کی تھی۔
ذیشان بٹ اور ضلع کونسل کی چیئرپرسن حنا ارشد کی ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران گولیوں کی تڑ تڑاہٹ بھی واضح طور پر سنائی دی گئی ہے۔
یونین کونسل بیگوالا کے آفس میں فائرنگ سے ذیشان بٹ موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا، اسی روز ذیشان کی تدفین کے بعد پولیس نے لواحقین کی مدعیت میں مقدمہ تو درج کر لیا تھا تاہم نامزد ملزم عمران چیمہ کی گرفتاری میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔
والدہ اپنے جوان بیٹے کی موت پر غم سے نڈھال ہیں جبکہ ذیشان کے اہل خانہ نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صحافی ذیشان بٹ اور یوسی چیئرمین عمران چیمہ کے درمیان ماضی میں بھی سیاسی طور پر رنجشیں رہی ہیںجبکہ ان دونوں نے بلدیاتی انتخابات میں بھی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔
ذیشان بٹ پر تین گولیاں فائر کی گئی تھیں جس کے بعد مرکزی ملزم عمران چیمہ موقع سے فرار ہوگیا ، ساتھ ہی ملزم کے اہل خانہ بھی علاقہ چھوڑ کر جاچکے ہیںتاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جدید تکنیکی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button