اسرائیل اور فلسطین کو اپنی اپنی سرزمین کا حق حاصل ہے، سعودی ولی عہد
واشنگٹن: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے تاہم اسرائیل کو بھی اپنی سرزمین کا حق حاصل ہے۔
امریکی اخبار دی اٹلانٹک سے بات کرتے ہوئے سعودی عرب کے ولی عہد کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پُر امن ریاست میں رہیں اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو اپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے اور دونوں ایک پُر امن ریاست میں رہنے کا حق رکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان فی الحال کوئی سفارتی تعلقات استوار نہیں ہیں لیکن گزشتہ چند برسوں سے ہمارے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے، ہماری ترجیح مفادات مشترکہ ہیں جیسا کہ دونوں ممالک کی نظر میں ایران دشمن اور امریکہ اہم اتحادی ملک ہے جب کہ دونوں ممالک کو مسلح اسلامی شدت پسندی سے بھی خطرہ لاحق ہے تاہم ہمیں نارمل تعلقات اور سب کے لیے استحکام کے لیے ایک امن معاہدے کو یقینی بنانا ہوگا۔
سعودی شہزادے محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ اگر وہ اپنے والد کے بعد تخت نشین ہو جاتے ہیں تو مسلمانوں کی عقیدت کے محور دو اہم ترین شہروں کے محافظ کے طور پر کام کریں گے، سعودی عرب میں انقلابی اقدامات کے ذریعے قدامت پسندی کے بجائے جدیدیت کو فوقیت دی ہے جس کے تحت کئی اہم پروجیکٹس پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے سعودی عرب کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان سعودی معیشت کی بحالی کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں جس کے تحت جہاں خواتین کے کردار کو نمایاں کیا جا رہا ہے وہیں سخت قوانین میں نرمی بھی لائی جا رہی ہے جب کہ دبئی کے طرز کا ساحلی شہر کی آبادکاری پر بھی کام جاری ہے اسی طرح خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی کئی تبدیلیاں سامنے آرہی ہیں جن میں قطر پر پابندی اور اسرائیل کے لیے نرم گوشہ نمایاں ہیں۔