تحریک لبیک کا حکومت کیخلاف آج داتا دربار سے احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان
لاہور (ویب ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان فیض آباد معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے پر حکومت کیخلاف آج 2 اپریل دوپہر 12 بجے داتا دربار سے بھرپور احتجاج اور احتجاجی تحریک کا آغاز کریگی۔ جب تک حکومت فیض آباد معاہدے پر من و عن عمل درآمد نہیں کریگی تب تک احتجاج جاری رہیگا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ حافظ خادم حسین رضوی نے تحریک لبیک پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر تحریک لبیک پنجاب کے صدر علامہ فاروق الحسن قادری، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، صاحبزادہ عثمان علی جلالی کے علاوہ تحریک لبیک صوبہ پنجاب کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک لبیک پنجاب کے صدر علامہ فاروق الحسن قادری نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کے دوسرا مرحلہ کا آغاز ہوچکاہے۔ کل سے داتا دربار لاہور میں شروع ہونے والے احتجاج کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پورے صوبہ پنجاب سے تحریک لبیک کے کارکنان کی بہت بڑی تعداد داتا دربار پہنچ کر احتجاج میں شریک ہوگی۔ حکومت نے ہمارے مطالبات و معاہدہ فیض آباد پر تین دن میں عمل درآمد نہ کیا تو داتا دربار سے شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل جائے گا۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے جو حکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لے اور جلد از جلد اپنے کئے معاہدے پر عمل درآمد کروائے ورنہ حالات کی ذمہ دار موجودہ حکومت خود ہوگی۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے مرکزی سربراہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ روز 6گھنٹوں کی تاخیر سے پسرور پہنچے جہاں مسلم کالونی سے سابقہ نادرا آفس تک کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی علامہ خادم حسین رضوی نے شیڈول کے مطابق رجادے والی میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرنے جانا تھا مگر کارکنوں نے ضد کی کہ وہ پسرور شہر کا چکر لگائیں پولیس نے انہیں شہر میں داخلے سے روکنے کی کوشش کی مگر ہزاروں کارکن رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے قافلے کو شہر کے اندر لے گئے اس موقع پر تحریک لبیک تحصیل پسرور کے صدر غلام مصطفی نوشہروی اور دیگر قائدین علامہ عقیل احمد ظہیر ،علامہ خاور محمود،صاحبزادہ حامد رضا محسن ،میاں سلیم شاہد ایڈووکیٹ ،حامد یار باجوہ ایڈووکیٹ ، عظیم احمد موبائل والے ،ڈاکٹر محمد اسد،قاری وحیدالرحمان سمیت ہزارو ں افراد نے ان کا استقبال کیا انہیں کلاسوالا روڈ سے کچہری ،وہاں سے پرانا لاری اڈہ اور پھر محلہ کھوکھراں سے کلاسوالا روڈ لے جایا گیا جہاں سے ان کا قافلہ رجادے والی کی طرف گامزن ہوا
پسرور شہرمیں جگہ جگہ ان کے قافلے پر لوگوں نے گلپاشی کی صدر تحریک لبیک تحصیل پسرور غلام مصطفی نوشہروی نے کہا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی پسرور میں بوجہ تاخیر سے پہنچے اس کے باوجود ہزاروں افراد نے ان کا استقبال کرکے تحریک لبیک یارسول اللہ اور ختم نبوت کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔