اگلے 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے۔عمران خان
لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے جبکہ آخری ماہ میں گلیاں نالیاں پکی کرکے اگلے 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کی ممبرسازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں انہیں خیبر پختونخوا میں ترقی نظرنہیں آ رہی دراصل نوازشریف کی نظر پاناما کیس کی وجہ سے نظر کمزور ہوگئی اور اگر پختونخوا کی پولیس بہتر نہ ہوتی تو نوازشریف سوات میں تقریر نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن ہونے والا ہے جو ملک کی تقدیر بدلے گا جب کہ بڑے گاڈ فادر اور چھوٹے ڈان نے لاہور میں بڑی تباہی کی، دونوں شریفوں کو بتاؤں گا کہ انہیں کیوں نکالا جب کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ کروں گا۔
دوسری جانب عمران خان نے سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور اگلے الیکشن میں پاور فل امیدوار لائیں گے۔ انہوں نے ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ اخری دنوں میں ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔
اس سے قبل لاہور میں ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے جتنی چاہیں ملاقاتیں کرلیں لیکن کوئی فائدہ نہیں، شریف اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوتا جبکہ مشکل میں پڑنے پر ان سے بڑا گیدڑ کوئی نہیں ہوتا، ہر فرعون کے جانے کا وقت ہوتا ہے، اب بڑے اور چھوٹے دونوں فرعونوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور طاقتور امیدوار لائیں گے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنائیں گے۔
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔
بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے لیکن عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کرے گی۔