ملتان میٹرو کا معاملہ نیب میں لے کر جائیں گے :عمران خان
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ایک مرتبہ پھر نیب سے کہیں گے کہ ملتان میٹرو کا معاملہ دیکھیں ۔انہوں نے کہا کہ لاہور آنے کا اصل مقصد ممبر سازی کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کرنا ہے ،پنجاب کے بجٹ کا 55فیصد لاہور پر خرچ کیا گیا ،لاہور پر خرچ کی جانے والی رقم کے پی کے پر خرچ رقم سے 3گناہ زیاد ہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور پنجاب کے لوگوں کا آدھا بجٹ سڑکوں پر خرچ ہو جاتا ہے ۔
سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز عرصے سے لندن میں علاج کرارہی ہیں ،اسحاق ڈار بھی علاج کرانے باہر چلے گئے ،ن لیگ نے پاکستان میں ایسا کوئی ہسپتال نہیں بنا یا جہاں ان کا علاج ہو سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں 4ارب روپے سے کینسر کا جدید ترین ہسپتال بنا یا گیا ،شریف خاندان نے ایک بھی ہسپتال نہیں بنا یا ۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے 635ارب روپے ایک سال میں خرچ کیے ،ملتان کے لوگوں کو میٹرو کی ضرورت ہی نہیں تھی لیکن وہاں زبردستی میٹرو بنا دی ،ملتان میٹرو پر 60ارب روپے لگائے لیکن بسیں خالی چل رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 3,4بڑے کنٹریکٹرز لے رکھے ہیں جو نیلامی کے وقت کم پیسوں میں پراجیکٹس کے کنٹریکٹ حاصل کرلیتے ہیں لیکن پھر بعد میں ان پراجیکٹس پر اضافی اخراجات ہوتے ہیں اور پیسے بنائے جاتے ہیں ۔