پی ٹی آئی میں نئے آنے والے پیسے سے حاوی ہوگئے، فوزیہ قصوری
لاہور: پی ٹی آئی کی رہنما فوزیہ قصوری نے کہاہے کہ عمران خان دیانتدارہیں مگرمجھے نیا پاکستان بنتا نظرنہیں آرہا۔
فوزیہ قصوری نے ایکسپریس نیوزکے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان منصورعلی خان کوواشنگٹن ڈی سی سے انٹرویومیں کہا کہ ہم نے 22برس قبل وہ جماعت بنائی جس کے ستون میرٹ، شفافیت اوراحتساب تھے،ہم اسے ادارہ بناناچاہتے تھے مگربدقسمتی سے ایسانہیں ہوسکا، جیسے جیسے لوگ آتے گئے ،سمجھوتے شروع ہوگئے،میرٹ پرسوالیہ نشانات لگنے لگے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شفاف انٹراپارٹی الیکشن کرانے کی کوشش کی گئی تاہم دھاندلی زدہ الیکشن ہوا،عمران خان نے خود اعتراف کیااس میں بہت خامیاں تھیں،اس کے بعدکوئی الیکشن نہیں ہوا۔
فوزیہ قصوری کا کہنا تھا کہ قوم کوبتایا جائے ہ کیامجبوریاں تھیں کہ پارٹی میں شفاف الیکشن اوراحتساب نہ ہوسکا،کارکنوں کااعتماد بحال کرنے کیلیے ضروری تھاپارٹی میں جمہوریت لاتے،2الیکشن کمشنراس لئے برطرف کردیے گئے کیونکہ وہ پارٹی میں الیکشن چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہت جدوجہدہے مگرسوال کرناکارکنوں کاحق ہے کیونکہ ان کی قربانیوں کے بغیرپی ٹی آئی بڑی جماعت نہیں بن سکتی تھی۔
فوزیہ قصوری نے کہا کہ میں نظریاتی نہ ہوتی توپی ٹی آئی کے ساتھ اتنے برس جدوجہدنہ کرتی۔کارکنوں نے مجھے ماں کہاہے تومیرافرض ہے میں قوم کے سامنے سچ لاؤں۔