بیٹی نے پسند کی شادی کرنے کیلئے سگے باپ کو قتل کر ڈالا
لاہور 30 مارچ 2018
(کنٹری بیورو پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
بیٹی نے پسند کی شادی کرنے کیلئے سگے باپ کو قتل کر ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک لرزہ خیز واردات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں بیٹی نے پسند کی شادی کرنے کیلئے سگے باپ کو قتل کر ڈالا۔ لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن کے علاقہ موچی پورہ میں رہائش پذیر 65 سالہ پرویز اقبال کا 26 فروری کو پراسرار طور پر قتل ہوگیا تھا۔ پرویز اقبال کے اہل خانہ کی جانب سے اس کی موت کو اتفاقی قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اب ایک ماہ کی تفتیش کے بعد پرویز اقبال کی موت قتل ثابت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ پرویز اقبال کی بیٹی عائشہ نے اعتراف کیا کہ وہ والٹن روڈ کے رہائشی حسنین اکبر سے پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی مگر اس کا باپ پرویز اقبال رضامند نہیں تھا۔ والد کی مخلافت پر اس نے اپنے آشنا کے ساتھ ملکر باپ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
وقوعہ کے روز اس نے اپنے والد کو نشا آور گولیوں کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم اس میں ناکام رہی۔ ناکامی کے بعد اس نے اپنے آشنا کیساتھ مل کر اپنے والد کے سر پر لوہے کی راڈ مار کر اسے قتل کردیا۔ جبکہ بعد ازاں والد کے سر پر مرہم پٹی بھی کردی تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ عائشہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہے اور معافی مانگتی ہے۔