رحم میں موجود بچے کا ہوبہو تھری ڈی ماڈل تیار کرائیں
ماسکو: مائیں اپنے بچوں کو اس وقت تک مکمل طور پر نہیں دیکھ سکتیں جب تک بچے کی پیدائش نہ ہوجائے مگر ایک کمپنی نے رحم میں موجود بچے کا حقیقت سے قریب تر سونے یا چاندی کا تھری ڈی ماڈل بنانے کی سہولت متعارف کرادی۔
وہ حاملہ مائیں جو اپنے بچوں کی پیدائش کے لیے بے صبری ہورہی ہیں اور دیکھنا چاہتی ہیں کہ بچہ کیسی شکل و صورت کا حامل ہے ، ماں یا باپ کس پر گیا ہے یا اس کے خدوخال کس طرح کے ہیں؟ تو یہ سب خواہشات پوری کرنا اب ممکن ہوگیا ہے۔
ایک روسی کمپنی نے ایسی سہولت فراہم کردی ہے جس کے ذریعے والدین بچے کی پیدائش سے قبل ہی اس کی موجودہ حالت کا مکمل تھری ڈی ماڈل حاصل کرسکتے ہیں جس میں بچے کی شکل اور جسمانی خدوخال مکمل طور پر واضح ہوں گے۔
روسی کمپنی ایمبریو تھری ڈی ،وہ پہلی کمپنی نہیں ہے جو تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے ماں کے پیٹ میں موجود بچے کا پلاسٹک کا ہوبہو ماڈل بنا کر والدین کے حوالے کردیتی ہے تاہم اس کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کا بنایا گیا ماڈل حقیقت کے بالکل عین مطابق اور رحم میں موجود بچے کی ہوبہو کاپی ہے۔
یہ کمپنی پلاسٹک سے بنائے گئے بچے کے ماڈل کی پیشکش کرتی ہے تاہم وہ اسے سونے یا چاندی سے بناسکتی ہے۔ کمپنی ایڈوانسڈ الٹرا ساؤنڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے بچے کا یہ حیرت انگیز ماڈل تیار کرتی ہے جس میں بچے کی شکل، ہاتھ، پیر اور دیگر تمام اعضا عین اسی حالت میں بنے ہوتے ہیں جس حالت میں بچہ رحم میں اس وقت موجود ہوتا ہے۔
ایمبریو تھری ڈی کمپنی کے بانی نے بتایا کہ میری ایک دوست ہے جو دوران حمل اپنے بچے کی صحت سے متعلق پریشان رہتی تھی اور اسے دیکھنا چاہتی تھی جس کے لیے اس نے کئی بار الٹرا ساؤنڈ کرایا تاہم اسے اطمینان نہ ہوا، میں نے اس کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے بچے کی تھری ڈی تصویر حاصل کرکے اسے تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے تخلیق کرلیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قبل ازیں ہم ایسا ماڈل صرف پلاسٹک کے ذریعے بناسکتے ہیں تاہم اب ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ بچے کا یہ ماڈل سونے ،چاندی یا کسی اور دھات کے ذریعے لائف سائز میں بھی تخلیق کرسکیں۔