کراچی

ایم کیو ایم بہادرآباد نے فاروق ستار کو پارٹی سربراہی کی پیشکش کردی

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) بہادرآباد نے برطرف کنوینیئر فاروق ستار کو پارٹی سربراہی کی پیش کش کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی کنوینیئر شپ (سربراہی) سے ہٹانے کے بعد ایم کیو ایم بہادرآباد نے رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ کارکنان کی جانب سے رہنماؤں کو مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فاروق ستار کے خلاف فیصلہ آنے کے باوجود ایم کیو ایم بہادرآباد کی پیشکش برقرار ہے۔ ایم کیو ایم بہادر آباد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فاروق ستار کو اب بھی کنوینر شپ کی پیشکش کرتے ہیں تاہم فاروق ستار کامران ٹیسوری کے بغیر بہادرآباد آئیں۔ کامران ٹیسوری کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے اور فاروق ستار کو پارٹی سربراہی یا کامران ٹیسوری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
ادھر ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ نے پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا الیکشن کمیشن ٹرائل کورٹ نہیں ہے، آج کا فیصلہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہے، جو ادارہ ٹرائل ہی نہیں کر سکتا وہ فیصلہ کیسے دے سکتا ہے، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کریں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان سینیٹ الیکشن میں کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے پر تنازع پیدا ہوا تھا جو اتنا بڑھ گیا کہ فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی نے ایک دوسرے کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا۔ اس کے نتیجے میں پارٹی میں دو دھڑے ایم کیو ایم پی آئی بی اور ایم کیو ایم بہادرآباد بن گئے ۔ دونوں دھڑوں نے الیکشن کمیشن میں ایک دوسرے کے خلاف درخواستیں دائر کرتے ہوئے خود کو اصل ایم کیو ایم پاکستان قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button