بحیرہ جنوبی چین اور مغربی بحر الکاہل میں چین کی فضائی مشقیں
بیجنگ(این این آئی)چین کی فضائیہ نے جنوبی بحیرہ چین اور مغربی بحرالکاہل کے متنازع علاقے میں فضائی مشقیں کیں اور اس دوران چینی جہاز جاپان کے جنوبی جزیروں کے اوپر سے گزرے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات چین کی فضائیہ نے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتائی ۔چین اپنی فوج کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے دور سے گزر رہا ہے اور اس عمل کی نگرانی صدر شی جن پنگ کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت چین کی بھر پور توجہ اپنی فضائی اور بحری فورس کو جدید بنانے پر مرکوز ہے جس میں ریڈار کی نظر سے اوجھل رہنے والے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے اور طیارہ بردار جہازوں کو بنانا شامل ہے۔چین کا اصرار ہے کہ اس کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں ،تاہم جنوبی بحیرہ چین کے مصروف بحری راستوں اور تائیوان کے نزدیک چینی جہازوں کی پروازوں کی وجہ سے خطے اور واشنگٹن کے لیے حساس نوعیت کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
چین کی ائیر فورس نے ایک بیان میں کہا کہ ایچ ۔ 6 کے، ایس یو ۔ 35اور دیگر لڑاکا طیاروں نے آبنائے میاکو سے گزر کر جنوبی بحیرہ چین کے اوپر اور مغربی بحرالکاہل میں فضائی مشقیں کیں۔ آبنائے میاکو جاپان کے جنوبی جزیروں کے بیچ میں واقع ہے۔چین کی فضائیہ نے ان مشقوں کو مستقبل کی جنگوں کی تیاری کا حصہ قرار دیا ہے۔