حوثیوں کے سعودی شہروں پر میزائل حملے، ایک شخص ہلاک
یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی شہروں پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی،میزائل حملوں میں ایک مصری شہری جاں بحق ہوگیا۔
عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے دار الحکومت ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حوثی شدت پسندوں نے اتور کی شب سعودی عرب پر سات میزائل داغے۔ ان میں سے تین میزائل دارالحکومت الریاض کی طرف، ایک خمیس مشیط، ایک نجران اور دو جازان کی جانب داغے گئے تھے۔
تاہم سعودی دفاعی نظام نے ان میزائلوں کو فضاء میں ہی تباہ کردئیے۔ ریاض کے مضافات میں تباہ کئے گئے میزائل کے ٹکڑے لگنے سے ایک مصری شہری جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی شدت پسندوں کی جانب سے میزائل حملوں کا مقصد مملکت کو دہشت گردی سے دوچار کرنا، شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانا تھا۔