نہال ہاشمی پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی
پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوگی، جہاں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ نہال ہاشمی کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا۔
نہال ہاشمی نے کراچی میں گزشتہ برس عدلیہ مخالف تقریر کی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے ان کے خلاف توہین عدالت کا ازخود نوٹس لیا تھا۔
کیس کی سماعت کے بعد رواں برس یکم فروری کو سپریم کورٹ نے سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا ئی تھی جس کے ساتھ ہی وہ 5 سال کیلئے نااہل ہوگئے تھے۔
یہ قید کی سزا مکمل کرکے 28 فروری کو اڈیالہ جیل سے رہائی پانے کے بعد نہال ہاشمی نے تقریر کرتے ہوئے دوبارہ عدلیہ پر تنقید کی جس پر عدالت عظمیٰ نے انہیں دوبارہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
توہین عدالت کیس کی گزشتہ سماعت 12 مارچ کو ہوئی جس کے دوران سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا جواب غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔