کپڑے ناپاک ہوئے تو نماز جنازہ کیسے پڑھی گئی، چیف جسٹس
حجرہ شاہ مقیم میں کیچڑاورگندگی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ لوگ جنازہ لے کرنکلے تو ان کے کپڑے بھی ناپاک ہوگئے ہوں گے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔
اس موقع پر کونسلر حجرہ شاہ مقیم پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ تصویر کہاں کی ہے،جگہ کا تعین ہوگیاہے، ہم خود بھی اس جنازے میں شریک ہوئے تھے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمیں لوگوں کو بتانا ہے کہ اُن کی فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں،لوگ جنازہ لے کر نکلے تو ان کے کپڑے بھی ناپاک ہوگئے ہوں گے،انہوں نے نمازہ جنازہ کیسے پڑھی ہوگی؟
کونسلرحجرہ شاہ مقیم نے کہا کہ علاقے میں صرف یہ مسئلہ نہیں دیگر مسائل بھی ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کا تعلق ن لیگ سے ہے۔
چیف جسٹس نے انہیں ہدایت دی کہ قبضے سے متعلق مسائل پر تحریری درخواست دیں۔
عدالت عظمیٰ نے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو بھی آئندہ سماعت پر 29مارچ کو طلب کرلیا۔