راؤ انوار کو سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا
*اسلام آباد…راؤ انوار کی گرفتاری پر سپریم کورٹ کاشکریہ، والد نقیب اللہ محسود-* سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نقیب اللہ کے والد کا کہنا تھا کہ راؤ انوار کی گرفتاری پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں صرف عدالت عظمیٰ سے انصاف کی توقع ہے کیونکہ میڈیا، عوام اور عدالت سب نقیب اللہ کے حق میں ہیں۔ مقتول نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کے بہیمانہ قتل پر پورا پاکستان غمزدہ ہیں اب جبکہ راؤ انوار پکڑا گیا ہے، ہمیں انصاف کی امید ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نقیب پاکستان کا بیٹا تھا، پاکستان کے تمام ادارے ہمارا فخر ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں کسی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ نقیب اللہ کے وکیل فیصل صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عدالت سے درخواست کی تھی کہ دیگر اداروں کے افسر بھی جے آئی ٹی میں لیے جائیں، نقیب اللہ کے والد نےآئی ایس آئی اور ایم آئی کا نام لیا لیکن عدالت نے نقیب اللہ کےوالد کی یہ درخواست مسترد کردی اور سندھ پولیس کےافسران پر مشتمل نئی جے آئی ٹی بنائی ہے۔