بھارت کا مقبوضہ وادی میں نیا ڈرامہ

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) سفارتی محاذ پر پٹنے والا بھارت مزید ہزیمت سے بچنے کے لئے نت نئے ڈراموں پر اترآیا ہے، مقبوضہ وادی میں 80روز سے جاری بد ترین کرفیو میں نرمی کا ڈرامہ رچایا گیا ہے جسے کشمیری عوام نے مسترد کردیا، آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر وادی میں آج بھی ہڑتال کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بد ترین ظلم و ستم پر دنیا بھر میں شدید تنقید کے بعد بھارت نے ایک بار پھر ”بغل میں چھری اور منہ میں رام رام“ کی پالیسی اپنا لی، پیر کے روز مقبوضہ کشمیر میں 80روز سے جاری کرفیو میں نام نہاد نرمی کا ڈرامہ رچایا گیا جسے کشمیریوں نے مسترد کردیا،آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر کشمیری آج بھی ہڑتال کررہے ہیں، سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے ، کاروباری ادارے اور سکول بھی بند ہیں۔ بھارت کی جانب سے کرفیو میں کمی کا اعلان وزیر خارجہ سشما سوراج کے اقوام متحدہ سے خطاب سے کچھ پہلے کیا گیا۔
بھارت نے پوری وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کررکھی ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کا دنیا بھر سے رابطہ کٹ کررہ گیا ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد شروع ہونے والی تشدد کی تازہ لہر میں ایک سو پندرہ سے زائد کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں، ہزاروں افراد زخمی ہوئے جبکہ قابض افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث چھ سے کشمیری بینائی سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔