پنجاب

زمینداروں کی بربریت، موچی کا منہ کالا، جوتوں کا ہار پہنا کر گھمایا، ویڈیو بناتے رہے

خانیوال (ویب ڈیسک) خواتین کے نام سے ناجائز تعلقات کا لیٹر لکھنے کے شک پر بااثر زمینداروں نے غریب موچی کا منہ کالا کرکے جوتوں کا ہار پہنا کر گلیوں اور بازاروں میں گھمایا، ڈنڈوں، سوٹوں سے تشدد کیا اور ملزمان ویڈیو بناتے رہے۔ پولیس نے متاثرہ شخص کا طبی معائنہ کروائے بغیر پانچ افرا دکے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
روزنامہ خبریں کے مطابق کبیر والا کے نواحی موضع گدارہ کی بستی بلوچاں والی میں بااثر افراد مزمل حسین، اعجاز حسین، داﺅد شاہ قریشی، ارشاد بلوچ اور اللہ دتہ نے مسلح ہوکر غریب محنت کش نذر حسین ولد گل محمد موچی کو اغواءکر کے بستی حسین آباد میں بیٹھ داﺅد شاہ پر لے گئے۔ وہاں رنگ سے اس کا منہ کالا کرکے جوتوں کا ہار پہنایا گیا اور لوڈر رکشہ میں کھڑا کرکے بستی حسین آباد کبیر والا سے موضع گدارہ میں لے گئے۔ وہاں بازار اور گلیوں میں سرعام گھمایا گیا، ڈنڈوں اور سوٹوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کے جسم کے مختلف حصوں پر نیل پرگئے، مظلوم کی منت سماجت پر بھی ملزمان کو ترس نہ آیا۔ اہل علاقہ بے بس ہوکر چار بچوں کے غریب باپ پر انسانیت سوز سلوک دکھتے رہے۔ کسی نے بھی آگے بڑھ کر چھڑانے کی جرأت نہ کی۔ مبینہ طور پر ملزمان شرمناک وقوعہ کی موبائل پر ویڈیو بھی بناتے رہے۔ ملزمان دو گھنٹے تک اپنی کارروائی کرتے رہے بعدازاں مظلوم نذر حسین کو لوڈر رکشہ سے دھکا دے کر فرار ہوگئے۔
نذر حسین نے بتایا کہ تقریباً دو ہفتے قبل نامعلوم افراد ملزمان کے خاندان اور دیگر اہل علاقہ کی خواتین کے نام سے غیر مردوں کے ساتھ ناجائز تعلقات کے لیٹر کی فوٹوکاپیاں بستی کی مختلف دکانوں میں رات کے وقت دروازوں کے نیچے سے پھینک گئے تھے۔ ملزمان کو مجھ پر شک گزرا کہ یہ سب کچھ میں نے کیا ہے، اس بابت علاقہ کے زمیندار ہسوار شاہ قریشی، قصور شاہ قریشی کے ڈیروں پر پنچایتیں بھی ہوئیں۔ 17مارچ کو حکیم اقبال شاہ قریشی نے پنچایتی طور پر مجھ سے اس بابت مسجد میں لے جاکر حلف بھی لیا تھا مگر پھر بھی مجھے نہ چھوڑا گیا اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔
مظلوم کے کزن محمد اسماعیل نے بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں، اس بااثر خاندان کے زیر سایہ تین نسلوں سے بطور رعایا رہ رہے ہیں اور ان کا ظلم برداشت کرتے چلے آرہے ہیں، ہماری فریاد سننے والا کوئی نہیں ہے۔ پولیس تھانہ صدر کبیر والا نے پانچ افراد مزمل حسین، اعجاز حسین، پسران مشتاق شاہ قریشی، ارشاد ولد منظور بلوچ، اللہ دتہ، داﺅد شاہ ولد عبداللہ قریشی کے خلاف زیر دفاعہ 365/355/348/149 ت پ مقدمہ درج کرلیا، تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا جبکہ پولیس نے متاثرہ شخص کا طبی معائنہ بھی نہ کروایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button